لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور واسا کو24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسی آب کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے۔ متعلقہ افسروں اور سٹاف کم سے کم وقت میں پانی کی نکاسی یقینی بنائیں۔ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو وضع کردہ پلان کے مطابق متعین وقت میں یقینی بنایا جائے۔ نکاس آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں۔ ٹریفک کی روانی کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں۔ انتظامی افسراور واسا حکام نکاسی آب کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں اور خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔محسن نقوی نے مختلف شہروں میں آسمانی بجلی گرنے اور دیگر حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔