اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں سیلابی صورتحال اور شہریوں کی پریشانی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے برساتی صورتحال میں تمام متعلقہ اداروں کی ٹیموں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو تکلیف اور پریشانی سے بچانے کے لئے کوئی سستی نہ دکھائی جائے، برساتی صورتحال کے پیش نظر مسلسل مانیٹرنگ اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور 24گھنٹے کی بنیاد پر نکاسی آب کے انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے برسات اور سیلابی پانی کے پیش نظر ٹریفک کی روانی اور متبادل راستوں کی بروقت نشاندہی یقینی بنانے اور ملک کے دیگر علاقوں میں حفاظتی اور پیشگی انتظامات کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومتیں اور ضلعی انتظامیہ اشتراک عمل سے شہریوں کو پریشانی سے بچائیں۔
وزیراعظم نے لاہور سے نکاسی آب کے فوری اقدامات کی ہدایت کردی
Jun 27, 2023