لاہور (پ ر) پاکستان میں دینی مدرسوں کے طلبہ کے علاوہ مدارس کے منتظمین بھی دینی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ فنّی اور سائنسی تعلیم دینے کے حامی ہیں اور حکومت اس سلسلے میں ان سے ہر طرح کا تعاون کر رہی ہے۔ یہ بات آج پنجاب کے انڈسٹریز کامرس، سرمایہ کاری اور سکِل ڈیویلپمنٹ کے سیکرٹری احسان بھٹہ نے کہی۔ وہ مولانا ظفر علی خان فاؤنڈیشن کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت فاؤنڈیشن کے چیئرمین خالد محمود نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپیشل افراد کو فنّی تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے میں بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سیکرٹری احسان بھٹہ نے کہا کہ مڈل اور میٹرک تک تعلیم حاصل کرنے اور کسی طرح کی فنّی تعلیم حاصل کیے بغیر کسی بھی طرح کے روشن مستقبل کی امید نہیں کی جا سکتی۔ اس موقع پرخالد محمود نے دوسرے ممالک کی مثالوں سے سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا کیا اور کہا کہ احسان بھٹہ ایک پر زور پرخلوص اور وطن کی محبت سے بھرپور افسر ہیں جنہوں نے وطن کی تعمیر کے لیے بہت کام کیا ہے۔