لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان (IPO-Pakistan) کے تعاون سے جغرافیائی اشارے (GIs) کے تحفظ اور رجسٹریشن کے حوالے سے ایک جامع آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔سیمینار میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انورنے شرکت کی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آگاہی سیشن نے اسٹیک ہولڈرز کو GI رجسٹریشن کی اہمیت اور فوائد کے بارے میں آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔جی آئی کے ڈائریکٹر محمد اسماعیل نے اس بات پر زور دیا کہ GI ایک مخصوص نشان ہے جو ایک مخصوص جغرافیائی علاقے سے پیدا ہونے والی مصنوعات کی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔GIs کو زرعی، روایتی اور صنعتی مصنوعات سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے جغرافیائی اشارے (رجسٹریشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ 2020 پر روشنی ڈالتے ہوئے انٹلیکچوئل پراپرٹی اور اس کی اقسام کے مختلف پہلوؤں کی مزید وضاحت کی۔شرکاء کو مطلع کیا گیا مجاز صارفین کو 100 روپے کی معمولی فیس ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ رجسٹریشن کے عمل میں عام طور پر 3-6 ماہ لگتے ہیں، اور ایک بار رجسٹر ہونے کے بعد، GI کا تحفظ لامحدود ہے اور ہر 10 سال بعد اس کی تجدید کی جا سکتی ہے۔