لاہور (سپورٹس رپورٹر)اولیمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا ہے کہ ہاکی میں بین الاقوامی سطح پر نتائج حاصل کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو اپنی فزیکل فٹنس پر توجہ دینی ہوگی اور ہاکی کے بنیادی ڈھانچہ کو تبدیل کرکے اس میں بہتری لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویومیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور پاکستان نے اس کھیل میں دنیا کے تمام بڑے، بڑے اعزازات حاصل کئے تھے بلکہ کئی دہائیوں تک اس کھیل میں دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی جن میں اولمپک، عالمی کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز جیسے ایونٹ شامل ہیں اور آہستہ، آہستہ یہ اعزازت ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس ٹیلنٹ کو نکھارنے اور بروئے کار لانے کے لئے حکومت اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔