لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈی ایچ اے لاہور میں انٹرنیشنل اولمپک ڈے کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ہر سال کھیلوں کی عالمی تحریک میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایسی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے۔ تقریب کا آغاز ڈی ایچ اے لاہور کے شبیر شریف شہید ایوینئیو پر ایک واک سے ہوا، جس میں ہر عمر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ واک کا اختتام کیپٹن فصیح بابر امین شہید سپورٹس کمپلیکس فیز 6 پر ہوا۔ جہاں ایک پروقار تقریب ہوئی۔ تقریب میں سابق اولمپئینز، نامور کھلاڑیوں اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔ سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کے اولمپک میں جیتے گئے اعزازات کا ذکر کیا، اس موقع پر چیئرمین پی او اے لیفٹنٹ جنرل عارف حسن ریٹائرڈ کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔ اس موقع کی خاص بات ایشیا کپ میں سلور میڈل جیت کر آنے والی پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی شمولیت تھی، جنہیں ڈی ایچ اے لاہور اور پی او اے کی طرف سے انعامات اور اعزازی شیلڈز ڈی گئیں۔ تقریب کا اختتام ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پر ہوا جس میں پاکستان کی علاقائی موسیقی سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔
ڈی ایچ اے لاہور میں انٹرنیشنل اولمپک ڈے کے سلسلے میں تقریب
Jun 27, 2023