انڈین پنجابی فلم کیری آن جٹا تھری پاکستان میں ریلیز ہونے جا رہی ہے، اس میں پاکستانی فنکار ناصر چینیوٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ دنوں انڈیا سے فلم کی ہیروئین سونم باجوہ اور ہیرو گپی گریوال نے وڈیو لنک کے زریعے لاہور اور کراچی کے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کی ۔ لاہور سے وڈیو لنک پر ناصر چینیوٹی موجود تھے۔ سونم باجوہ اور گپی گیریوال نے کہا کہ پاکستانی فنکار بہت باصلاحیت ہیں ، ان کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کا موقع میسر آتا ہے۔ ناصر چینیوٹی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ ہم پاکستان آنا چاہتے تھے لیکن کسی وجہ سے نہیں آسکے،لیکن مستقبل میں ہم پاکستان ضرور آئیں گے۔ سونم باجوہ نے کہا کہ میں فواد خان کی بہت بڑی مداح ہوں ان کے ساتھ فلم کرنے کیلئے میں سکرپٹ سنے بغیر ہاں کر دوں گی ۔ فواد خان کا نام ہی کافی ہے، ان جیسا تو کوئی بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈرامے اتنے پاکستانی نہیں دیکھتے ہوں گے جتنے میں دیکھتی ہوں، میں نے فلم پنجاب نہیں جائونگی دیکھی تو مہوش حیات کی فین بن گئی، دا لیجنڈ آف مولا جٹ دیکھی بہت اچھا لگا۔ دوسری طرف گپی گریوال نے کہاکہ ناصر چینوٹی مجھے جس پاکستانی فلم میں کام کرنے کیلئے کہیں گے میں سکرپٹ سنے بغیر ہاں کردوں گا۔ میرا ناصر چینیوٹی پر اس قدر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہمیشہ انڈین فلموں کو پیار دیا ہے یہاں انڈیا میں بھی پاکستانی فلموں کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔