عنبرین فاطمہ
عید لاضحی کی آمد آمد ہے ہر سال کی طرح اس عید پر بھی پاکستانی فلمیں سینما گھروں کی زینت بن رہی ہیں۔ اس عید پر ایک نئے تجربے پر مبنی فلم ریلیز ہورہی ہے جس کا نام ہے ’’تیری میری کہانیاں‘‘ ہے ، یہ ایک فیچر فلم ہے جس میں مختلف اداکاروں اور ہدایت کاروں کے ساتھ تین مختلف مختصر کہانیوں کو یکجا کرکے ایک فلم کی شکل دی گئی ہے۔ یہ فلم پاکستانی سنیما پراپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے جس میں کسی ایک پلاٹ پر انحصارکی بجائے متعدد کہانیوں پر مشتمل انتھالوجی کا انتخاب کیا گیا ہے۔تیری میری کہانیاں، کا دورانیہ 120منٹ ہے۔ فلم میں چار گانے بھی شامل ہیں۔اس انتھالوجی میں پہلی شارٹ فلم ’’جن محل‘‘ میں شادی شدہ جوڑی حرا اورمانی کو پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر دکھایا گیا ہے یہ ایک ہارر کامیڈی ہے جس میں ایک ایک خاندان کے ساتھ پیش آنے والی حیران کن واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس کہانی کے رائٹرباسط نقوی اور علی عباس نقوی ہیں جبکہ ہدایت کاری نبیل قریشی نے کی ہے۔ دوسری کہانی میں مہوش حیات اور وہاج علی پہلی باراسکرین پر مدمقابل ہیںاس فلم کی دیگر کاسٹ میں زاہد احمد اور آمنہ الیاس بھی شامل ہیں۔ یہ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جس کانام ’’ایک سو تئیسواں‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کہانی کے خالق خلیل الرحمن قمر جبکہ ڈائریکٹر ندیم بیگ ہیں۔تیسری شارٹ فلم کا نام ’’پسوڑی‘‘ ہے۔ اس فلم میں شہریار منور اور رمشا خان لیڈ پیئر میں نظر آئیں گے۔ یہ ایک کامیڈی ڈرامہ ہے۔ اس فلم کی پروڈیوسر اور ہدایت کارہ مرینہ خان ہیں جبکہ رائٹر واسع چوہدری ہیں۔حرامانی اور مانی نے گزشتہ دنوں لاہور میں اپنی فلم کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کی، حرا نے کہا کہ میری یہ پہلی فلم ہے اور مانی کے ساتھ بطور ہیروئین کام کرکے بہت خوش ہوں، مانی نے کہا کہ اس فلم کو دیکھ کر شائقین ضرور محظوظ ہوں گے ۔ دونوں نے کہا کہ نبیل قریشی ایک بہترین ڈائریکٹر ہیں یقینا ان کی یہ کاوش بھی شائقین کو ضرور پسندآئیگی۔ 123 واں کی کاسٹ (مہوش حیات، ڈائریکٹر ندیم بیگ اس موقع )نے بھی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کی۔ ندیم بیگ نے کہا کہ فلم میں وہ سب کچھ ہے جو لوگ دیکھنا چاہتے ہیں۔ مجھے بہت امید ہے کہ تیری میری کہانیاں کو اچھا ریسپانس ملے گا۔ مہوش حیات نے کہا کہ تیری میری کہانیاں کا جب سکرپٹ میرے پاس آیا تو مجھے لگا کہ ایسا کردار تو میںنے پہلے کیا ہی نہیں ہے لہذا میں نے فورا ہاں کردی۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ وہاج علی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔وہاج نہایت ہی منجھا ہوا اداکار ہے۔ انہوں نے میری توقعات سے بڑھ کر اداکاری کی ہے۔ معروف ڈائریکٹر ندیم بیگ نے پریس کانفرنس میں ایک اعلان کیا انہوں نے کہا کہ مہوش حیات کے ساتھ پنجابی فلم بنانے جا رہا ہوں ، اور بہت جلد اس فلم پر کام شروع کر دیا جائیگا، ہم آپ کو ایک معیاری پنجابی فلم بنا کر دیں گے ۔ ندیم بیگ نے فلم کی ہیروئین کا نام تو بتا دیا لیکن ہیرو کا نام نہیں بتایا انہوں نے کہا کہ ہیرو زیر غور ہے اس کا اعلان بھی بہت جلد کر دیا جائیگا۔اس اعلان کے موقع پر مہوش حیات نے کہا کہ میںبہت پرجوش ہوں پنجابی فلم کرنے کیلئے۔ زاہد احمد اور آمنہ الیاس بھی 123واں کا حصہ ہیں وہ دونوں بھی فلم کو لیکر کافی پرجوش ہیں ان کا کہنا ہے کہ 123 واں شائقین کے لئے ایک تحفہ ہے۔ شہریار منور اور رمشا خان کی فلم کو سینئر اداکارہ مرینہ خان نے ڈائریکٹ کیا ہے ، مرینہ خان کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ لاہور میںہونے والی پریس کانفرنس میںشرکت نہ کر سکیں۔لیکن کراچی میں ہونے والی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یہ فلم میں نے بہت دل کے ساتھ بنائی ہے، میں سمجھتی ہو کہ یہ تجربہ کامیاب ہونا چاہیے اس سے بہت سارے لوگوں کے لئے رزق کے نئے دروازے کھلیں گے۔اس فلم کے ہیرو شہریار منور اور ہیروئین رمشا خان نے بھی لاہور میں میڈیا سے گفتگوکی۔ رمشا خان نے کہا کہ ندیم بیگ نے ہم سے بہت اچھا کام لیا ہے ، مجھے بھی امید ہے کہ فلم ہماری توقعات سے بڑھ کر شائقین کا ریسپانس پائے گی.۔ میں نے چھ سال پہلے فلم جی لے زرا سے ڈیبیو کیا تھا ، اس فلم کے بعد میں نے وقفہ لیا اور اب تیری میری کہانیاں کی صورت میں مجھے ایک اچھی فلم آفر ہوئی تو میںنے ہاں کر دی، اس فلم میں میرے ساتھ شہریار منور ہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھارہا اور شوٹنگ کے دوران ہمیں بہت مزا آیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ چھ سال کے بعد میری کوئی فلم ریلیز ہو رہی ہے تو میں تھوڑی نروس ہوں۔انہوں نے کہا کہ مہوش حیات ایک بڑی اداکارہ ہیں انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ باکس آفس پر راج کرتی ہیں، میری بھی خواہش ہے کہ میں مہوش حیات کی طرح باکس آفس کی کوئین بنوں ۔ انہوں نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ میں کام کرنے کے طریقہ کار میں فرق تو ہے ڈرامہ میں ایک دن میں 8 سینز کرنے ہوتے ہیں جبکہ فلم میں ایسا نہیں ہوتا ، فلم کا کینوس بھی بڑا ہوتا ہے۔ رمشا خان نے کہا کہ مجھے میرے مداحوں نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے امید ہے کہ اس بار بھی اس فلم کے لئے سپورٹ کریں گے۔ اگر مجھے کام کے حوالے سے میری کسی خامی کو پوائنٹ آئوٹ کیا جائے تو میںاس کو ضرور درست کرتی ہوں۔شہریار منور نے کہا کہ میں تو ہمیشہ ہی اپنی ہر فلم کے لئے پرجوش ہوتا ہوں اس فلم کیلئے بھی بہت پرجوش ہوں۔میں اپنے مداحوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ عیدالاضحی پر ریلیز ہونے والی اس فلم کو ضرور دیکھنے جائیں ، آپ ہماری فلمیں دیکھیں گے تو ہماری حوصلہ افزائی ہو گی۔