عید اور مون سون کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، کے۔الیکٹرک

کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے۔الیکٹرک نے شہریوں سے عید اور مون سون کے موسم میں محتاط رہنے اور حفاظت کے بہترین و محفوظ اقدامات پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔

کمپنی نے اپنے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی حفاظت کے لحاظ سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ترجمان کے۔الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کمپنی کا عملہ موسمیاتی پیشگوئیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے تیار ہے۔ اس کے ساتھ ہی کے۔الیکٹرک متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے، تاکہ کسی بھی پیشرفت سے باخبر رہنے اور کسی فنی خرابی کی صورت میں اُسے فوری دور کیا جاسکے تاکہ عید کے دوران صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے اور صارفین باحفاظت عید مناسکیں۔

ترجمان کے مطابق بجلی کی طلب کے مطابق اس کی فراہمی یقینی بنانے کےلیے بھی مناسب اقدامات کیے جارہے ہیں۔ 

ترجمان کے۔الیکٹرک کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران یا اس کے بعد بارش کی صورت میں کے۔الیکٹرک نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ بجلی کی تنصیبات بشمول یوٹیلیٹی پولز اور ٹرانسفارمرز سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صارفین جانوروں کو بجلی کے پول سے نہ باندھیں، یہ عمل انتہائی غیرمحفوظ اور نقصان دہ ہے۔ غیرقانونی کنڈے اور غیرمجاز ٹی وی/ انٹرنیٹ کیبلز بھی حفاظتی خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔

ترجمان مزید کہا کہ رہنمائی کےلیے عید کے دوران بھی کے ای سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ایس ایم ایس، کے لائیو ایپ، واٹس ایپ سروس یا 118 کے ذریعے دستیاب رہیں گے۔ شکایات کی صورت میں 24 گھنٹے ان چینلز کو استعمال کیا جاسکتا ہے

ای پیپر دی نیشن