ابراہم لنکن کا مومی مجسمہ واشنگٹن ڈی سی کی شدید گرمی کی تاب نہ لاکر پگھل گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کا درجہ حرارت 100 ڈگری فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا۔ سابق امریکی صدر کا سفید مومی مجسمہ رواں سال فروری میں شمال مغربی واشنگٹن کے ایک ایلیمنٹری اسکول کے کیمپس کے باہر نصب کیا گیا تھا جو حالیہ گرمی کی نذر ہو گیا۔اس مجسمے کو امریکی آرٹسٹ سینڈی ولیمز چہارم نے بنایا ہے۔ غیر منافع بخش تنظیم کلچرل ڈی سی کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے سبب مجسمے کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا ہے جسے عملے کے اہلکاروں نے حفاظت سے محفوظ کرلیا ہے جبکہ مجسمے کی ٹانگیں بھی دھڑ سے علیحدہ ہوگئی ہیں اور ایک ٹانگ مکمل طور پر پگھل چکی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن کے مجسمے میں استعمال ہونے والے موم کا نقطہ انجماد 140 ڈگری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول کے احاطے میں رکھے گئے 3 ہزار پاؤنڈ وزنی اس مومی مجسمے کو موم بتی کی طرح جلنا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کی شکل و صورت تبدیل ہونی تھی لیکن شدید گرمی نے اسے مکمل طور پر بگاڑ دیا ہے۔غیر منافع بخش تنظیم کلچرل ڈی سی کا کہنا ہے کہ اس تنصیب کا مقصد اسکول کے بچوں کو خانہ جنگی کے دور کے کنٹرا بینڈ کیمپوں اور افریقی امریکی پناہ گزینوں جنہیں غلام بنایا گیا اور آزاد کیا گیا کی تاریخ سکھانا تھا۔
ابراہام لنکن کا مجسمہ شدید گرمی میں پگھل گیا
Jun 27, 2024 | 00:03