ابراہم لنکن کا مومی مجسمہ گرمی برداشت نہ کرسکا اور پگھل گیا

Jun 27, 2024 | 00:41

ویب ڈیسک

ابراہم لنکن کا مومی مجسمہ واشنگٹن ڈی سی کی شدید گرمی میں پگھل گیا

امریکی رہنما ابراہم لنکن کا واشنگٹن ڈی سی میں نصب 6 فٹ کا مومی مجسمہ شدید گرمی کی لہر کی زد میں آکر پگھل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کا درجہ حرارت 100 ڈگری فارن ہائیٹ (37.77 ڈگری سیلسیس) ریکارڈ کیا گیا۔

سابق امریکی صدر کا سفید مومی مجسمہ رواں سال فروری میں شمال مغربی واشنگٹن کے ایک ایلیمنٹری اسکول کے کیمپس کے باہر نصب کیا گیا تھا جو حالیہ گرمی کی نذر ہو گیا۔

اس مجسمے کو امریکا میں مقیم آرٹسٹ سینڈی ولیمز چہارم نے بنایا ہے۔

غیر منافع بخش تنظیم کلچرل ڈی سی کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے سبب مجسمے کا سر دھڑ سے الگ ہوگیا ہے جسے عملے کے اہلکاروں نے حفاظت سے محفوظ کرلیا ہے جبکہ مجسمے کی ٹانگیں بھی دھڑ سے علیحدہ ہوگئی ہے اور ایک ٹانگ مکمل طور پر پگھل چکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن کے مجسمے میں استعمال ہونے والے موم کا نقطہ منجمد (congealing point) 140 ڈگری ہے۔ ’40 ایکڑ کیمپ بارکر‘ کے عنوان سے کی گئی اس تنصیب کو ستمبر تک اسکول میں رکھا جانا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول کے احاطے میں رکھے گئے 3 ہزار پاؤنڈ وزنی اس مومی مجسمے کو موم بتی کی طرح جلنا تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کی شکل و صورت تبدیل ہونی تھی لیکن شدید گرمی نے اسے کمل طور پر بگاڑ دیا ہے۔

غیر منافع بخش تنظیم کلچرل ڈی سی کا کہنا ہے کہ اس تنصیب کا مقصد اسکول کے بچوں کو خانہ جنگی کے دور کے کنٹرا بینڈ کیمپوں اور وہ افریقی امریکیوں پناہ گزین کے کیمپوں جنہیں غلام بنایا گیا اور آزاد کیا گیا کی تاریخ سیکھانا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا کی کئی ریاستوں میں شدید درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ موسم کی پیشن گوئی کرنے والوں نے پہلے ہی انتباہ جاری کرتے ہوئے شدید گرمی کی لہر سے خبردار کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس سے گرمی کی لہر کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس 1936 کے بعد سے اب تک کا سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا تھا.

مزیدخبریں