پی ٹی آئی کو جلسہ کی اجازت کا معاملہ حل کیا جائے، شہریوں کو آئین میں دیئے حقوق مدنظر رکھنا ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت دی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کی اجازت کا معاملہ حل کریں، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے یہ بھی بتائیں کہ آپ کی تعیناتی سے پہلے اور اس کے بعد جلسوں کی کہاں کہاں اجازت دی جاتی رہی ہے؟ شہریوں کو آئین میں دیے گئے حقوق کو مدنظر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی کو جلسہ کی اجازت نہ دینے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پٹیشنر کے وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ کومخاطب کر کے کہا آپ بھی تو مانتے نہیں ہیں کہ ایک جگہ اجازت ملتی ہے تو اس کو پورا نہیں کرتے۔ شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلسے کی اجازت کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ شرائط پر عمل کے لیے تیار ہیں۔ عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو مخاطب کر کے کہا آپ کا اس سے پہلے کا آرڈر بیلنس نہیں تھا، آپ کے لئے بہتر ہے اس معاملے کو حل کریں اگر آئندہ آپ آئیں تو مناسب وجوہات کے ساتھ بتائیں۔ دریں اثنا عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے پوچھا کیا سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس زیر التوا نہیں ہے جس پر وکیل نے کہا وہ الگ کیس ہے۔

ای پیپر دی نیشن