ڈیرہ بگٹی: بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں، دیواریں گرنے سے متعدد زخمی

Jun 27, 2024

کوئٹہ ‘لاہور‘پشاور (نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ) بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں بارشوں نے تباہی مچادی، چھتیں اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ۔بارشوں سے  ڈیرہ بگٹی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور پاک فوج،ایف سی اور پی ڈی ایم اے نے علاقے میں ریسکیوآپریشن شروع کردیاہے۔ بارشوں سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر لے جایا جارہا ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان، خوراک اور میڈیکل ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔پی ڈی ایم کے مطابق پنجاب میں 26جون تا یکم جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید طوفان اور کہیں ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ عوام ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ کل جمعہ کے روز سے شروع ہونے کی پیشگوئی کی جو پیر تک جاری رہ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔  صوبے کے بیشتر اضلاع میں جمعہ کے روز سے پیر تک آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ضلعی انتظامیہ اورپی ڈی ایم اے نے عوام اور بالائی علاقوں کی سیر کو آئے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے

مزیدخبریں