بانی پی ٹی آئی کامیاب نہ ہوئے تو پاکستانی عوام ہار جائیں گے‘فواد چودھری 

Jun 27, 2024

لاہور ( این این آئی) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کامیاب نہ ہو ئے تو پاکستان کے عوام ہار جائیں گے،عہدے اہم نہیں ہیں بانی پی ٹی آئی کی کامیابی ہر صورت ضروری ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میں عمر سرفراز چیمہ ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چودھری سے اظہار یکجہتی کے لیے آیا ہوں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا فواد چودھری کو پی ٹی آئی میں وہ جگہ ملے گی جو پہلے تھی؟ ۔جس پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے ہم گئے ہی نہیں آنے کا کیا سوال ہے، عہدے اہم نہیں ہیں بانی پی ٹی آئی کی کامیابی ہر صورت ضروری ہے،بانی پی ٹی آئی کامیاب نہ ہوئے تو پاکستان کے لوگ ہار جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ کی 14ماہ سے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت نہیں ہو رہی، میں سمجھتا ہوں یہ زیادتی کی بات ہے، ٹرائل کے بغیر لوگوں کو جیل میں رکھنا کیا مذاق ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ آج 85فیصد امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کے الیکشن کے نتائج کو مسترد کیا ہے، امریکی ایوان نمائندگان نے کہا ہے اس کی تفتیش ہونی چاہیے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یورپی یونین، انگلینڈ، یو کے اور امریکہ کسی رہنما نے بھی شہباز شریف کو مبارکباد نہیں دی، ان سب کو پتا ہے یہ دھاندلی سے آگے آئے ہیں، پاکستان خارجہ پالیسی میں تنہا اور اکیلا کھڑا ہے، امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد سے واضح ہے کہ اس سے پاکستان کے مسائل بڑھیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کو پالیسی ریویو کی ضرورت ہے، اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر الیکشن کا آڈٹ کرانا ہو گا، میں وزیر تو 2011میں بھی رہ چکا ہوں۔ 

مزیدخبریں