لاہور (خبرنگار) رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ فارم 47 والی حکومت کی پوری کوشش ہے غریب مزید غریب ہو جائے۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں سال حکومت نے جو قرض لیا وہ پچھلے دو سال کے قرضوں سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ دستاویز کے مطابق سارے پیسے جو بجٹ میں آئیں گے یہ قرض کے سود میں لگ جائیں گے، ہم قرضہ لے کر پاکستان کو مزید تباہی کی طرف لے کر جائیں گے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے حکومت میں شامل ساری پارٹیاں دکھاوے کی نورا کشتی کر رہی ہیں، کیا یہ بجٹ سائن نہیں کریں گے اور منظوری نہیں دیں گے۔