شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی کے خلاف کاروباری طبقہ ‘مزدور اورکسان چیخ و پکار کر رہے مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔لوگ بلوں کی ادائیگی کیلئے گھریلو سامان‘ زیورات تک بیچ رہے ہیں ۔ دوسری طرف وزیراعظم نے اعتراف کیا ہے کہ وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے تیار کیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم اور اراکین قومی اسمبلی کو ایک خط کے ذریعے کیا۔ خط سے متعلق صحافیوں کو بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام سے بجلی بلوں میں 31 ٹیکس وصول کیے جا رہے اور حاصل رقم آئی ایم ایف کو دینے کے بعد حکمران اپنی عیاشیوں پر خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا آئی پی پیزمعاہدوں پر نظر ثانی کیلئے عالمی عدالت سے رجوع کرکے پاکستانی عوام کو ریلیف دلوایا جائے۔ اختر ڈار نے کہا بحرانوں کے باعث عوام کو اگر باہر جانے کی سہولت دی جائے تو یہ 1947ء بھی بڑی ہجرت ہو سکتی ہے۔