لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان رہا کرو وکلاء کنونشن کا انعقاد کیا گیا، کنونشن میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی، سردار لطیف کھوسہ، وقاص اکرم شیخ سمیت دیگر شریک ہوئے، بیرسٹر گوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انصاف بروقت نہ ملے تو وہ ناانصافی ہے، ہم ججوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کو جلد سے جلد رہا کریں، میں سب کے اتحاد کو سلام پیش کرتا ہوں، قانون کی بالادستی کے لئے پارلیمان کو مضبوط کرنے لئے لاہور ہائیکورٹ کا ہمیشہ بڑا کردار رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار نے ہمیشہ باور کروایا کہ ْعوام کے حقوق کی بالادستی ہو، ہماری بھی آج سب کی یہی کوشش ہے، جو ہمیشہ سب کو انصاف دیتا رہا، آج وہ خود انصاف کا طلب گار ہے۔ ہمارا کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں ہے، صرف رول آف لاء کی بات کرتے ہیں۔ ہماری جو بہنیں جیلوں میں ہیں ان کو کبھی ایک اور کبھی دوسرے کیس میں گرفتار کیا جاتا ہے۔ بشریٰ بی بی کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے، صرف ان کو عمران خان کے ساتھ ہونے پر قید کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کا کسی معاملے سے تعلق نہیں ہے۔ الیکشن کمشن کا کاغذات آئے اس میں ان کا نام نہیں تھا لیکن بی بی پر اس لئے کیس بنائے گئے تاکہ عمران خان پر پریشر ڈالا جائے، ڈیڑھ سال سے ہم یہ نا انصافی برداشت کر رہے ہیں، عمران خان ایسی حالت میں پیش ہوئے کہ وہ چل نہیں سکتے، قانون عوام کے تحفظ کے لئے ہے، عدالتوں نے ہم سے نشان لے لیا، عوام کا ووٹ حاصل کرنا ہی پاکستان تحریک انصاف کی سب سے بڑی کامیابی ہے ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہ ہو اور سب کے لئے ایک قانون ہو.انصاف لائرز فارم کے صدر اشتیاق اے خان نے کہا آج ہم اسی ہال سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک کا اغاز کر رہے ہیں، ہم اپنے مرشد کو رہا کروائیں گے، ہم لاہور ہائیکورٹ جی پی او چوک میں احتجاج کرینگے، ہمارے تمام ورکروں کو رہا کرو،ہمیں چیف جسٹس پاکستان پر اعتبار نہیں، آج تمام لوگ جی پی او چوک احتجاج کرینگے ، مطالبہ کرتے ہیں چیف جسٹس عہدہ چھوڑ دیں عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا 17 سیٹوں والا وزیراعظم بن کر بیٹھا ہوا ہے، سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ قاضی صاحب آپ بھی سن لیں یہ قوم صرف آئین کو مانے گی، آپکا بلا چھیننے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے بدترین فیصلوں میں سے ایک ہے، 13 جج مخصوص نشستوں کو واپس کر دینگے، عدت کیس میں بھی خوشخبری ملے گی، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو کون جیل میں رکھتا ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج پاکستان اس نہج پر پہنچ گیا کہ ہمیں بات کرنی پڑ رہی ہے کہ انصاف کو انصاف دو، آج ہر ادارے میں مداخلت ہے، عمران خان ہی ہے جو ہمیں ان مصیبتوں سے نکال سکتا ہے۔ سابق نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ربیعہ باجوہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات ناقابل فراموش ہے، وہ کہتے ہیں نو ڈیل، نو کمپرومائز، بانی پی ٹی آئی ہی ملک بچائیں گے، چیف جسٹس پاکستان کے جسٹس نے ملک میں نا انصافی کی، عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے انصاف کی بات کی، چیف جسٹس کی مدت میں توسیع دینے پر ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔ وکلاء کنونشن کے بعد بیرسٹر گوہر علی خان کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی۔ ریلی ہائیکورٹ بار سے جی پی او چوک تک نکالی کی گئی۔
کسی سے جھگڑا نہیں، رول آف لاء کی بات کرتے ہیں، عمران کو رہا کریں: بیرسٹر گوہر
Jun 27, 2024