نئے قواعد کے تحت جوبائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ آج ہو گا

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) نومبر 2024ء کے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلد ٹرمپ کے درمیان صدراتی مباحثہ نئے قواعد و ضوابط کے تحت آج ہو رہا ہے۔ 1976ء کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مباحثے کے دوران حاضرین اس مقام پر موجود نہیں ہوں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق دونوں امیدواروں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جب ان کے بولنے کی باری نہیں ہو گی تو ان کا مائیکرو فون بند رہے گا، جس کا مقصد مباحثے کے دروان مداخلت کے امکان کو کم سے کم کرنا ہے۔ اس سال کسی بھی صدارتی امیدوار کی طرف سے ابتدائی بیانات نہیں ہوں گے۔ امیدواروں کو ایک سوال کا جواب دینے کے لیے 2 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ میزبانوں کے اختیار میں ایک اضافی منٹ بھی ہو گا جسے وہ اپنی صوابدید پر استعمال کر سکیں گے۔ مباحثے کے اختتام پر ہر امیدوار دو منٹ کا اپنا اختتامی بیان دے گا۔ نشریاتی نیٹ ورک کے مطابق مباحثے کے لیے امیدواروں کے لیے ایک جیسے پوڈیم رکھے جائیں گے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان پوڈیم کا انتخاب سکہ اُچھال کر کیا جائے گا۔ مباحثے کی میزبانی سی این این کے جیک ٹیپر اور ڈینا بیش کریں گے، یہ مباحثہ 90 منٹ تک براڈ کاسٹ کیا جائے گا جس میں دو کمرشل بریک بھی ہوں گے۔ اس سے قبل صدارتی مباحثوں کے کمشن کے تحت، جو تین عشروں تک کمرشل بریک نہیں ہوتے تھے۔ یہ صدارتی انتخابی مباحثہ امریکی تاریخ کا پہلا ایسا صدارتی مباحثہ ہے جس میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار نے ابھی تک اپنی پارٹی کی نامزدگی کو باضابطہ طور پر قبول نہیں۔

ای پیپر دی نیشن