بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز، ملک بھر میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ

لاہور؍ کراچی  ( نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 247 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 26ہزار 500میگاواٹ جبکہ بجلی کی پیداوار 20ہزار 253میگاواٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 6گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ اسی طرح کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے 12 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے کراچی کے عوام سخت عذاب میں مبتلا ہیں۔ اکثر علاقوں میں پینے کا پانی نایاب ہو چکا ہے اور عوام محکمہ بجلی کے دفاتر کے چکر لگا کر اور سڑکوں پر آئے  روز احتجاج کرکے اپنی بے بسی کا رونا روتے نظر آتے ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہری تلملا اٹھے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لیسکو ذرائع کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کا شارٹ فال 400 میگا واٹ کے قریب ہے۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، لوڈ بڑھنے سے فیڈر ٹرپ ہو جاتے ہیں۔ لیسکو کے پاس بجلی کی کمی نہیں ہے۔ گرمی بڑھتے ہی ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، پشاور، حیدر آباد اور کوئٹہ جیسے بڑے شہروں میں لوگوں کا کاروبار شدید متاثر ہے۔ بڑھتی لوڈ شیڈنگ سے صنعتوں کا پہیہ بھی رکنے کے قریب ہے۔ ملک بھر کے عوامی سماجی اور کاروباری حلقوں نے اعلیٰ حکومتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن