پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپی کے کے قبائلی جرگے میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور عمران خان کی رہائی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ جرگے میںتحفظ آئین پاکستان الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر مقررین نے جرگے سے خطاب کیا۔ جرگے میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں شرکاء نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ خیبرپی کے حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا کہ جرگے میں منظور کی گئی قرارداد کو ایوان اور صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے منظور کی گئی قرارداد کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کر کے اس کی منظوری لیں گے۔ جرگے میں افغانستان کے ساتھ تجارت میں حائل رکاوٹیں اور پاک افغان سرحد پر جاری جرگوں سے بامقصد مذاکرات کی قرارداد پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے قومی اور صوبائی اسمبلی میں بحث کی جائے، تمام سٹاک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ جرگے میں بانی چیئرمین سمیت سیاسی مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنان کی رہائی کی قرارداد بھی منظور ہوئی۔ اس کے علاوہ قدرتی وسائل میں مقامی آبادی کے حق کو تسلیم کرنے کی قرارداد بھی پیش کی گئی۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قبائل میں 21 آپریشن ہوئے، آپ (حکومت) نے کیا سہولیات دیں، امن کے لیے طریقے ہیں لیکن آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے اور کسی کو بندوق کے زور پر حکمرانی کی اجازت نہیں دیں گے۔ قبائلی امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ واضح کرتا ہوں جب تک فاٹا میں امن قائم نہیں ہوتا ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ قبائلی اضلاع میں 21 آپریشنز کیے گئے مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پچاس سال پہلے والا امن اور سہولیات چاہئیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہماری لاشوں پر اب پھر آپریشن عزم استحکام کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ میں آپریشن کے حوالے سے بحث کی جائے کیونکہ امن قائم کرنے کے اور بھی بہت سے طریقے ہیں، بغیر مشاورت کے کسی صورت بھی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آخری دم تک لڑیں گے۔ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے بہت جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ محمود خان اچکزئی نے پشاور میں قبائل امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی ملک میں واضح اکثریت ہے، نہ کوئی کسی کا آقا ہے نہ کسی کا غلام، ہم ملک میں غلاموں کی حیثیت سے نہیں رہنا چاہتے۔ اپنے علاقے کا اختیار دیں ہم آئی ایم ایف کا قرضہ اتار دیں گے۔
پی ٹی آئی قبائلی جرگہ، آپریشن کی مخالفت میں قرارداد منظور
Jun 27, 2024