دنیا میں ارلی فلڈ وارننگ سسٹم رائج، پاکستان میں کیوں بروقت پتہ نہیں چلتا: مریم نواز

Jun 27, 2024

دنیا میں ارلی فلڈ وارننگ سسٹم رائج، پاکستان میں کیوں بروقت پتہ نہیں چلتا: مریم نواز
دنیا میں ارلی فلڈ وارننگ سسٹم رائج، پاکستان میں کیوں بروقت پتہ نہیں چلتا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دیا ہے اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈرین کی بھرپور صفائی کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر اضلاع سے ڈیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس میں تمام بیراج لنک کینال، مین کینال، ڈریننگ سسٹم اور بند وغیرہ کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی۔ سیکرٹری ایریگیشن، چیف میٹرالوجسٹ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور ویدر پورٹل، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن، فلڈ سمولیشن ماڈل کا مشاہدہ کیا۔ ہر ضلع کی انتظامیہ کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلاء کے پلان سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ رودکوہی کے نالوں کے راستوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں۔ ممکنہ سیلا ب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی پلاننگ کی جائے۔ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشی کوبھی بروقت نکالاجائے۔انہو ں نے کہاکہ دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے،پاکستان میں کیوں سیلاب کا بروقت پتہ نہیں چلتا۔بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کااہتمام کیا جائے۔جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہوبروقت پیشگی اقدامات کیے جائیں۔سیلاب کی بروقت اورمستند اطلاعات کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔ہرسیلابی بندسے تجاوزات ہٹائی جائیں، مانیٹرنگ تسلسل سے جاری رہنی چاہیے۔ مریم نواز عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے والٹن روڈ خودپہنچ گئیں اوراے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کی ری ماڈلنگ اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خود دورہ کرکے نالے اورروڈ کی تعمیر جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ستمبر تک والٹن روڈ کا تین رویہ کیرج وے عام ٹریفک کے لئے کھولنے اوراسی سال اکتوبر تک دونوں اطراف کی چھ رویہ والٹن روڈ عام ٹریفک کے لئے کھولنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سائٹ آفس میں خصوصی اجلاس میں والٹن روڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی او او منصور جنجوعہ نے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مون سون سے قبل والٹن روڈ پر عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔ عوام کو شدید دشواری کا سا منا ہے۔والٹن روڈ پرا جیکٹ کی جلد تکمیل ناگزیر ہے۔ والٹن روڈ کی جلد تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ عوام کی سہولت اور آسانی اولین ترجیح ہے۔ دوسری جانب مریم نواز حاجی پارک راج گڑھ پہنچ گئیں اور یونین کونسل 53میں لاہور ڈویلپمنٹ ماڈل کے پائلٹ پراجیکٹ کاجائزہ لیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ ماڈل کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت کنکریٹ، کوبل سٹون، ٹف ٹائل اور کلرڈ فلور بنائے گئے۔ مریم نواز نے ماڈل گلیوں کا معائنہ کیا اور معیار کا جائزہ لیا۔یوسی 53کی ماڈل سٹریٹ میں سٹریٹ لائٹس، گھرو ں کی نمبرنگ او رنام پلیٹ لگائی گئیں۔ماڈل سٹریٹ میں زیر زمین سیوریج کا نظام بھی ری ویمپ کیاگیا، ماڈل سٹریٹ کے مین ہول پرچوری سے بچانے کے لئے خصوصی طورپر پلاسٹک کے بنائے گئے ڈھکن لگائے گئے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ بارش کے بعد نئی بننے والی ماڈل سٹریٹ میں دیر تک پانی نہیں کھڑا ہونا چاہیے اورمختلف ٹاؤنز کے لئے الگ کلر کی ٹائل لگانے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف حفاظتی ٹینٹ کھلوا کر لوگوں کے گھروں کی طرف آ گئیں۔ مختلف گھروں میں باری باری جا کر خواتین خانہ سے بات چیت کی او ر ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ایک خاتون نے اپنے شوہرکیلئے گھرپرملنے والی ہارٹ کی میڈیسن کا پیکٹ دکھایا اور دعائیں دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ سکیورٹی کو ہٹا کر اپنے لوگوں سے ملنے کے لئے آئی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منشیات کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ جبکہ راجن پور کے قریب ٹریفک حادثے میں چار افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں