لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر جاری کشیدگی ایک بڑی جنگ کےخطرے کا باعث بنتی دکھائی دے رہی ہے جس پر اقوام متحدہ کی طرف سے بھی تنبیہ کی گئی ہے۔
لبنان کے ساتھ جنگ
اسی حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی حکام سے ملاقات کے دوران لبنان کی سرحد پر "سکیورٹی کی صورت حال" کو تبدیل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے ساتھ حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کی توسیع اور لبنان کے ساتھ ایک جامع جنگ شروع ہونے کے بارے میں امریکہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔جبکہ بدھ کو وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بھی اسرائیلی وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران مغربی کنارے میں کشیدگی کا معاملہ اٹھایا۔انہوں نے مزید تاخیر کے بغیر ٹیکس محصولات کی فلسطینی اتھارٹی کو منتقلی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے العربیہ/الحدث کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن لبنان کے ساتھ اسرائیل کی سرحدوں کے حوالے سے سفارتی کوششوں کے ذریعے شمال میں دوسرے محاذ کو روکنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان میں امریکیوں کی حفاظت امریکی صدر جو بائیڈن کی ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک لبنان میں امریکی سفارت خانے میں رجسٹرڈ امریکیوں سے رابطے میں رہے گا۔