اصل مذاکرات فوج کیساتھ کئے جائیں اور درمیانی راستہ نکالاجائے،شیخ رشید

 عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اصل مذاکرات فوج کیساتھ کئے جائیں اور درمیانی راستہ نکالاجائے،یہ حکومت اپنے کیسز ختم کرنے اور عوام کو بجلی کی تاروں پر لٹکانے آئی ہے،موجودہ حکومت کیساتھ مذاکرات کرنیوالا منہ کالا کرے گا۔اسلا م آباد کی سیشن عدالت میں پیشی کے موقع پر سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ کے آخر تک نوازشریف بھی اپنا بیانیہ بدل لیں گے۔ جب چور چوکیدار بن جائیں تو پھر اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ چور، ڈاکو، لٹیرے، ناکام، نااہل بجٹ پیش کرنے والی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔ حکومت بتائے کسی ملک نے ان کو اب تک 5 ڈالر بھی دیئے ہیں۔ میرا بجلی کا بل ایک لاکھ 68 ہزار روپے آیا ہے۔ میری مارکیٹ کے 18 دکاندار دکانیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے بعد خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں بھی حالات خراب ہو رہے ہیں۔امریکی کانگریس کے 368 ارکان فارم 47 والے نہیں ہیں۔ قوم چین کے وزیر کی اسلام آباد میں تقریر پر بھی غور کرے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ قبرایک ہے، مردے تین ہیں،جلدفیصلہ ہونےوالا ہے، 30اگست سے پہلے فیصلہ ہوجائے گا،قبرمیں کون جائے گا، لوگوں کواٹھانا یہاں فیشن بن گیا ہے، پاکستان اہم ترین دور سے گزررہاہے۔ اسلام آباد میں عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا تھاکہ قوم حق سچ کیساتھ ہے،سچ کی فتح ہوگی۔ ایک کیس 3 مختلف شہروں میں درج نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت کے فیصلے سے یاسمین راشد،عالیہ حمزہ،صنم جاوید کیلئے راستہ کھلا ہے۔ بڑاوکیل بانی پی ٹی آئی یا اسمبلی کی ٹکٹ کیلئے عدالت میں پیش ہوتاہے۔حکمران چین سے بھی منہ لٹکائے واپس آئے ہیں۔ یہ جدھر جاتے ہیں وہاں سے مایوس ہی واپس آتے ہیں کیونکہ دنیا ان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی اخراج مقدمہ کی درخواستیں منظور کر لیں تھیں۔

ای پیپر دی نیشن