اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بغیر اجازت بیرون ملک جانے پر ملک تبارک کو طلب کرلیا

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ملک تبارک المعروف ملک باری کے عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک جانے کا سپریم کورٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملک تبارک کو 20 اپریل کو عدالت پیشی کا حکم دیا ہے اور ان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ عدالت نے ملک تبارک کیخلاف کراچی میں درج مقدمات کا تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملک تبارک نے عدالت کو استعمال کرکے خود صلح کرلی۔ ایسے افراد کے ساتھ سختی سے نمٹنا جانتے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری‘ جسٹس چودھری اعجاز احمد اور جسٹس خلیل الرحمن رمدے پر مشتمل تین رکنی بنچ نے ملک تبارک کو گرفتار کرکے کراچی لیجانے کے واقعہ کے حوالے سے لئے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ ملک تبارک کے وکیل سردار عصمت اللہ اور ایس ایس پی اسلام آباد طاہر عالم پیش ہوئے تاہم ملک تبارک عدالت میں موجود نہیں تھے۔ ان کے بارے میں عدالت کے استفسار کرنے پر ان کے وکیل نے بتایا کہ وہ علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ضمانت ہم نے لی تھی۔ عدالت کے علم میں لائے بغیر وہ بیرون ملک کیسے جاسکتے ہیں؟ وکیل نے کہا کہ انہوں نے مجھے بھی لاعلم رکھا۔ مجھے آج صبح بتایا گیا کہ وہ بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکی ضمانت منسوخ کرتے ہیں۔ انہوں نے ایس ایس پی سے کہا کہ ملک تبارک جونہی واپسی پر ائرپورٹ پہنچے‘ وہیں سے گرفتار کرکے کراچی لیجاﺅ اور کراچی پولیس کے حوالے کرو۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ وہ جو گارڈ کے قتل کا معاملہ تھا اسکا کیا ہوا؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل آغا طارق نے بتایا کہ دونوں میں صلح ہوگئی ہے اور تمام مقدمات ختم کردئیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی طاہر عالم نے عدالت کو بتایا کہ صلح کیلئے اربوں روپے دئیے دلائے گئے ہیں۔ ملک باری کو ایک ارب روپے سے زائد رقم دی گئی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ دیکھو اس کو عدالت آنے کا کتنا فائدہ ہوا؟ اس نے عدالت کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا ہے۔ اس کو ہتھکڑی لگا کر کراچی بھجوائینگے اور وہاں تمام مقدمات بھی بحال کروائینگے۔ اس نے عدالت کو ملوث کرکے خود صلح کرلی۔ اس مقدمے میں تو صلح ہو ہی نہیں سکتی تاہم ملک تبارک کے وکیل سردار عصمت اللہ نے درخواست کی کہ ضمانت منسوخ نہ کی جائے۔ وہ ملک تبارک کو جلد عدالت کے سامنے پیش کردینگے۔ عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملک تبارک کو نوٹس جاری کردئیے کہ وہ 20 اپریل کو عدالت میں پیش ہوں اور علم میں لائے بغیر بیرون ملک جانے کی وضاحت کریں۔ عدالت نے ایس ایس پی اسلام آباد طاہر عالم اور ایس ایس پی تفتیشی کراچی نیاز کھوسو کو ہدالت کی کہ ملک مبارک کیخلاف کراچی میں درج ان میں سے منسوخ کئے گئے مقدمات اور موجود مقدمات پر کی گئی تفتیش کا تمام ریکارڈ 20 اپریل کو عدالت میں پیش کریں۔ مزید سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

ای پیپر دی نیشن