لیبیا میں اتحادی فوج کےفضائی حملے جاری ہیں،گزشتہ چارروزمیں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چودہ ہوگئی

Mar 27, 2011 | 18:51

سفیر یاؤ جنگ
دارالحکومت طرابلس میں رات بھر اتحادی فوج کے طیارے بمباری کرتے رہے۔ لیبیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار روزمیں اتحادیوں کے حملوں میں شہریوں سمیت ایک سو چودہ افراد ہلاک اورچارسو پینتالیس زخمی ہوچکے ہیں۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک سو چار افراد طرابلس اور گردونواح میں جبکہ دس افراد سرت میں مارے گئے۔ دوسری طرف برطانیہ کے وزیرخارجہ ولیم ہیگ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کی کوئی شہادت نہیں ہے۔ ادھر واشنگٹن میں امریکی وائس ایڈمرل بل گورٹنے کا کہنا ہے کہ اتحادی فوج کے حملوں سے قذافی فوج کی صلاحیت کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔ ان کے طیارے تباہ ہوچکے ہیں جبکہ زمینی فوج اور اسلحہ کے گوداموں کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ لیبیا میں آپریشن کی کمانڈ جلد ہی امریکہ سے نیٹوکو منتقل کردی جائے گی، جن کا ساتھ عرب ممالک بھی دیں گے۔ نیٹو حکام کے مطابق لیبیامیں آپریشن نوے روز میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ فرانس کا کہنا ہے کہ قذافی فورسز کے خلاف اتنی جلدی منطقی انجام کو پہنچتی دکھائی نہیں دیتی۔
مزیدخبریں