پنجاب اسمبلی : اپوزیشن کے ”لوٹا لوٹا“ کے نعرے‘ قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف اقلیتی ارکان کا واک آوٹ

لاہور (خصوصی نامہ نگار + ثناءنیوز + مانیٹرنگ نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے یونیفکیشن بلاک کے ارکان کی تقاریر کے دوران شوروغل جاری رکھا اور ”لوٹا لوٹا“ کے نعرے لگاتے رہے خصوصاً پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کی خواتین ارکان اسمبلی نے مسلسل نعرہ بازی کی۔ ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خان نے جو اجلاس کی صدارت کر رہے تھے خواتین ارکان اسمبلی کے نعروں اور شور پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح ہاﺅس کو نہیں چلایا جا سکتا۔ وہ کسی کو ہاﺅس کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ جب ان ارکان اسمبلی کیخلاف ان کی پارٹی ریفرنس بھیج چکی ہے تو پھر ان ارکان کے نعروں کا کیا جواز ہے۔ دریں اثناءپنجاب اسمبلی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف اقلیتی ارکان نے واک آﺅٹ کیا۔ اقلیتی رکن پرویز رفیق مسیح نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی فردِ واحد کا مکروہ فعل ہے۔ کامران مائیکل نے کہا کہ عیسائی برادری اس واقعہ کیخلاف ملک گیر سوگ منا رہی ہے۔ خلیل طاہر سندھو نے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کیمرون منٹر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا جائے۔ انجینئر شہزاد الٰہی نے کہا کہ ٹیری جونز نے دہشت گردی کا ارتکاب کیا ۔ دریں اثناءپنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شیخ علاﺅالدین نے لوٹے کو درست قرار دینے کیلئے قائداعظمؒ کی بیک وقت مسلم لیگ اور کانگریس میں شامل رہنے کی مثال دیدی‘ (ن) لیگ کے رکن اسمبلی رانا تجمل نے شیخ علاﺅ الدین کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مناظرے کا چیلنج کر دیا‘ پیپلز پارٹی نے قائداعظمؒ کے متعلق غلط ریمارکس پر ایوان سے واک آﺅٹ کیا۔ پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک کا کہنا تھا کہ لوٹوں کو لوٹا کہنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے۔ (ق) لیگ کی ثمینہ خاور حیات نے کہا کہ لوٹا لوٹا ہی ہوتا ہے اور ان کو معزز یا مہذب رکن اسمبلی نہیں کہنا چاہئے (ق) لیگ کے رکن اسمبلی کرنل(ر) عباس کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر سپیکر نے اجلاس سوموار سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن ڈاکٹر امتیاز کی جانب سے ساجدہ میر سمیت اپوزیشن کی 3 ارکان اسمبلی کو ذہنی مریض قرار دینے پر اپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی۔ این این آئی کے مطابق پنجاب بھر میں 13 ارب روپے کی لاگت سے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب میں تاخیر پر پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا‘ صوبائی وزیر قانون نے فلٹریشن پلانٹس کی خریداری میں وفاقی حکومت کی جانب سے اربوں روپے کا فراڈ کر نے کا دعوی کر دیا‘ پیپلز پارٹی کے اشرف سوہنا نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا‘ ڈپٹی سپیکر نے بدھ کے روز ایوان میں ایک گھنٹہ کیلئے بحث کروانے کا اعلان کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن