کراچی اسٹاک مارکیٹ ، ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک سو تریسٹھ پوائنٹس اضافے کے بعد تیرہ ہزارچارسوپچاس پوائنٹس پربند ہوا۔

Mar 27, 2012 | 19:24

سفیر یاؤ جنگ
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبارکا آغاز مثبت ہوا لیکن کراچی کے بگڑتے حالات کے پیش نظر مارکیٹ آغاز کے کچھ لمحے بعد منفی زون میں چلی گئی۔ مارکیٹ میں رواں ہفتے کیپیٹل گین ٹیکس کے حوالے سے کیے جانے والے فیصلوں پرعمل درآمد کی خبروں نے آج کراچی کے خراب حالات کو بھی اثرانداز نہ ہونے دیا۔ وفاقی وزیر خزانہ کی اس ہفتے کراچی اسٹاک آمد کی خبریں اور ٹیکسز کے خاتمے کی اطلاعات نے کاروبار کے اختتام تک مارکیٹ میں زبردست تیزی کو بنائے رکھا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ایک سو تریسٹھ پوائنٹس اضافے کے بعد تیرہ ہزار چار سو پچاس پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم پینتیس کروڑ ستائیس لاکھ شئیرز رہا۔ کاروبار کے اختتام تک سب سے زیادہ سودے ورلڈ کال کے شئیرز میں ہوئے جب کہ ایزگرڈ نائن ، جہانگیر صدیقی کمپنی اور انوسٹمنٹ سمیت نیشنل بینک کے شئیرز اپنی ایک روز کی بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ یکم اپریل سے وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ کے لیے کئے گئے فیصلوں کا نفاذ ،مارکیٹ میں مزید تیزی لاسکتا ہے۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج تیزی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس باسٹھ پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار پانچ سو تینتالیس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں ایک سو ایک کمپنیوں کے ایک کروڑ انیس لاکھ پینتیس ہزار ایک سو نوے حصص کا کاروبار ہوا۔ پینتالیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ،چودہ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ بیالیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔
مزیدخبریں