بہاولپور (نوائے وقت نیوز + آئی این پی + اے پی اے) تحریک انصاف اور بہاولپور نیشنل پارٹی میں انتخابی اتحاد ہو گیا، تحریک انصاف بہاولپور میں صلاح الدین عباسی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بہاولپور نیشنل پارٹی کے سربراہ نے بہاولپور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ عمران خان کا کہنا تھا تحریک انصاف صلاح الدین عباسی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا جو جماعتیں نظام تباہ کرتی ہیں وہ انہیں ٹھیک نہیں کرسکتیں۔ بہاولپور نیشنل پارٹی کے سربراہ صلاح الدین عباسی کا کہنا تھا ریاست بہاولپور نے اپنے خزانے محمد علی جناح کے لئے کھولے، ان کا اور عمران خان کا ٹارگٹ ایک ہی ہے، نظام میں کس نے آنا ہے یہ فیصلہ عوام کو کرنے دیا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا ان کی اور نواب صلاح الدین عباسی کی قدروں میں ہم آہنگی ہے، ریاست بہاولپور کو بحال ہونا چاہئے۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کا شکرگزار ہوں کہ تحریک انصاف سے حلوہ کھانے والوں کو وہ لے گئے اب تحریک انصاف نظریاتی لوگوں پر مشتمل ہے، مخالفین جان لیں تحریک انصاف اب پہلے سے زیادہ خوفناک ہو گئی ہے۔ اس کا مقابلہ کوئی دوسری جماعت نہیں کر سکتی، تحریک انصاف آئندہ دو دنوں میں اپنے منشور کا اعلان کریگی۔ پارٹی میں اب حلوہ خوروں کو نہیں آنے دیں گے۔ برسراقتدار آ کر صوبوں کے مابین دریائی اور نہری پانی کی تقسیم کا نیا معاہدہ کرینگے، زرداری سے کسی صورت حلف نہیں لونگا نئے صوبوں کے قیام کا حامی ہوں۔
تحریک انصاف کی نواب بہاولپور سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ‘ ریاست بہاولپور بحال ہونی چاہئے: عمران
Mar 27, 2013