لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔ دونوں جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات آخری مرحلے میں ہیں البتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اپنے انتخابی نشان گھوڑے پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی الیکشن سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے دیانتدار قیادت کو ایوانوں میں بھیجے۔ اس نازک مرحلے پر قوم نے الیکشن کو سنجیدہ نہ لیا تو ملک کو درپیش خطرات مزید بڑھ جائیں گے۔