آکلینڈ (اے پی پی) میٹ پرائر کی ناقابل شکست سنچری اور آئن بیل کے 75 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تیسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگئے تھے۔ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہوگئی تھی اور توقع کی جارہی تھی کہ کیویز میچ جیت جائینگے، کیویز کو پانچویں اور آخری روز آکلینڈ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے 6 وکٹوں کی ضرورت تھی تاہم میٹ پرائر اور آئن بیل کیویز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے، میٹ پرائر نے نہ صرف اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری سکور کی بلکہ اپنی ٹیم کو کیویز کے ہاتھوں یقینی شکست سے بھی بچا لیا۔ کیویز کی طرف سے کین ولیمسن نے 4 ، نیل واگنر اور ٹم ساﺅتھی نے 2-2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔