لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) نے مرکزی پارلیمانی بورڈ میں شامل پارٹی قائدین کی مشاورت سے انتخابی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ طے کیا گیا ہے کہ انتخابی مہم سہ طرفہ ہوگی۔ میاں نوازشریف سندھ، خیبر پی کے کو فوکس کرینگے۔ میاں شہبازشریف پنجاب میں انتخابی مہم چلائینگے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے نمایاں لیڈروں چودھری نثار علی خان، اقبال ظفر جھگڑا، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، سنیٹر پرویز رشید اور چند دیگر رہنماﺅں پر مشتمل ٹیم ہنگامی طور پر ملک بھر کے انتخابی حلقوں میں کسی بھی امیدوار کی جانب سے انکے حلقے میں قیادت کا جلسہ کئے جانے کی فرمائش آنے کے بعد وہاں جاکر جلسہ سے خطاب کرینگے۔ نوازشریف نے انتخابی مہم کے دوران جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ذمہ داری پانچ رکنی ٹیم کو سونپی ہے۔ اسحاق ڈار، سنیٹر پرویز رشید، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناءاللہ خاں پر مشتمل پانچ رکنی ٹیم سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان کے عہدیداران سے مشاورت کے ساتھ جلسوں کا شیڈول تیار کریگی۔ معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف وقفے وقفے سے پنجاب کے مختلف شہروں اور قصبوں میں جلسوں سے بھی خطاب کرینگے جبکہ شہبازشریف کو بھی تبرکاً دیگر صوبوں میں خطاب کیلئے بھجوایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق جلسوں کا شیڈول اگلے دو دن میں تیار کرلیا جائیگا۔ تیزرفتاری کیلئے انتخابی مہم میں ہیلی کاپٹر اور چھوٹے جہاز سے سفر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔