کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے ایک شخص کی لاش منگھوپیر میں نادرن بائی پاس کے قریب سے ملی۔ مقتول کی عمر تقریباً30 سال تھی تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ بغدادی کے علاقے میں مدینہ مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے مبارک ہوٹل پر فائرنگ کرکے ایک شخص35 سالہ خان بادشاہ ولد تابش خان کو ہلاک کر دیا۔ دریں اثناءسائٹ ٹاﺅن یوسی 9 میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر پتھراﺅ کیا جس سے 3 خواتین زخمی ہو گئیں۔ مزید برآں سعید آباد میں روبی موڑ پر مسلح افراد نے ایک نوجوان ماجد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ کر اچی کے علاقے کھارادر میں رینجرز آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور سڑک بند کر دی، احتجاج کے باعث آئی سی آئی، جناح برج، ماڑی پور روڈ آئی آئی چندریگر روڈ اور ایم اے جناح روڈ پر بدترین تریفک جام ہو گیا جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق پیر اور منگل کی شب کھارادر میں ہونے والے رینجرز کی ٹارگٹڈ آپریشن کی خلاف منگل کی صبح خواتین کی بڑی تعداد نے آئی سی آئی برج کے نیچے دھرنا دیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ چھاپے کے دوران بے گناہ افراد کو گرفتار کیا گیا تاہم پولیس کی جانب سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔
کراچی: فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، پولیو ٹیم پر پتھراﺅ، 3 خواتین زخمی
Mar 27, 2013