واشنگٹن(آئی این پی )امریکہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے آئندہ عام انتخابات میں وہ جانبدار رہے گا۔ پاکستان میں گردش کرنے والی سازشی تھیوریوں سے واقف ہیں۔ پاکستانی عوام کے پاس اپنے ملک کیلئے امریکی پالیسیوں کے حوالے سے اچھی معلومات نہیں۔ منگل کو ایک اعلیٰ امریکی عہدےدار نے سفارتی استقبالیہ میں پاکستانی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پائے جانے والے اِس عام تاثر کی پر جوش نفی کرتے ہیں کہ واشنگٹن اپنے اتحادی ملک میں دوستانہ حکومت قائم کرنے کے لیے انتخابات میں اثر انداز ہونا چاہتا ہے۔امریکی حکام نے آف دی ریکارڈ گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستان میں گردش کرنے والے سازشی نظریات سے واقف ہیں اور انہیں افسوس ہے کہ میڈیا ان بے بنیاد سازشوں کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔ایک حالیہ پریس بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے پاس اپنے ملک کیلئے امریکی پالیسیوں کے حوالے سے اچھی معلومات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات قریب ہیں اور ایسے وقت میں امریکہ یہ بتانا چاہتا ہے کہ وہ کسی پاکستانی سیاستدان کی طرف جھکاﺅ نہیں رکھتا اور 11 مئی کو کوئی بھی اقتدار میں آئے، وہ اس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔