فرانس (آن لائن) فرانس کی ایک عدالت نے ایک جیل میں قید مسلمانوں کو حرام کھانا دینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں حلال کھانے مہیا کرنے کا حکم دے دیا اور وزیر انصاف کی نظرثانی اپیل مسترد کر دی۔ فرانس کے شہر گرینوبل کے ایک انتظامی ٹربیونل نے ایک حکم نامے کے ذریعے حلال کھانے مہیا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اور یہ قرار دیا تھا کہ اگر جیل حکام ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو یہ مسلمانوں کے اپنے دین پر عمل کے حق کی خلاف ورزی ہوگی۔ ٹربیونل کے اس حکم کے خلاف وزیر انصاف کرسَٹئین توبیرا نے نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی لیکن اپیل عدالت نے ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ وزارت انصاف نے اپنی نظرثانی کی درخواست میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ جیل کے لئے قیدیوں کو کھانا مہیا کرنے کے تمام انتظامات کو مکمل طور تبدیل کرنا عملاً ناممکن ہے اور مسلمانوں کے لئے الگ سے حلال کھانوں کا بندوبست نہیں کیا جاسکتا۔ قیدیوں کے وکیل الیگزینڈر سیاڈو کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ وزیر انصاف کے لئے ایک نیا دھچکا ہے اور اب جیل کو اس حکم پر عمل درآمد کرنا پڑے گا۔
فرانسیسی جیل میں مسلم قیدیوں کو حرا م کھانا دینے پر پابندی لگا دی گئی
Mar 27, 2014