اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں کالا باغ ڈیم کے حق میں قرارداد منظور نہ ہو سکی۔ چیئرمین عبدالمجید خانان خیل نے ایم این اے عاصمہ ممدوٹ کو اجلاس میں قرار داد پیش کرنے کی اجازت نہ دی اور کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک حساس مسئلہ ہے لہٰذا ہم دعا کر تے ہیں کہ صوبوں میں اس پر اتفاق رائے پیدا ہو جائے‘ اجلاس میں ‘قائم مقام چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمشن امتیاز گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے ہائر ایجوکیشن کمشن کے مستقل چیئرمین کی تقرری کیلئے بھجوائے گئے تین نام مسترد کر کے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی سربراہی میں نئی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ سیکرٹری پلاننگ حسن نواز تارڑ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے 540 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے اب تک 246 ارب روپے جاری کئے گئے۔ رواں سال ٹیکس وصولیوں میں توقع کے مطابق اضافہ نہ ہونے سے ترقیاتی بجٹ میں 115 ارب روپے کمی کی ہے۔ تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلا ڈیم کی عمر 37 سال بڑھ جائیگی۔ بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس چیئرمین عبدالمجید خانان خیل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔
قائمہ کمیٹی ترقی و منصوبہ بندی کا اجلاس، کالاباغ ڈیم کے حق میں قرارداد منظور نہ ہوسکی
Mar 27, 2014