کابل/ نورستان (این این آئی+ آئی این پی ) افغانستان کے خفیہ اداروں نے صوبہ نورستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر مفتاح الدین منصور کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کمانڈر صدارتی اور صوبائی کونسل کے امیدواروں پر حملوں کیلئے بھیجا گیا تھا۔ مفتاح الدین کا تعلق ضلع چترال سے ہے۔ افغان خبررساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان کی قومی سلامتی ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا مفتاح کو کنڑ کے ضلع یاری سے یہاں تعینات کیا گیا تھا ان کے قبضے سے پاکستانی ساختہ مشین گنیں‘ 2 اے کے 47 رائفل‘ ایک پستول ‘ دو ہینڈ گرنیڈ اور دیگر مختلف قسم کا جدید اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ افغان انٹیلی جنس کے مطابق پاکستانی طالبان کمانڈر سے ایک پاکستانی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔ ادھر ہرات سے 500 کلوگرام اسلحہ و گولہ بارود سے بھری گاڑی برآمد، صوبائی پولیس چیف نے کہا ناکارہ بنا دیا گیا۔