کراچی آپریشن پر سمجھوتہ نہیں ہو گا‘ مجرم کسی بھی پارٹی سے ہوں نہیں چھوڑیں گے : اسحاق ڈار

Mar 27, 2015

کراچی (کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی خدمت کو ذریعہ نجات سمجھتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت تاجر دوست حکومت ہے۔ کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مکے دکھانے سے بہتری نہیں آتی عملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں۔ ملک کی بہتری کے لئے 4 اہم نکات پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار 6 نئے ریفارمز کر رہے ہیں۔ 2013ءمیں شہروں میں 18 اور دیہات میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی۔ اسحق ڈار نے کہا اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ پٹرول کی قیمت کم کرنے سے 50 ارب روپے کا نقصان ہوا، 3 فیصد ٹیکس دینے والا ملک 16.1 پر آگیا ہے۔ دہشتگردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مجرم کسی بھی پارٹی سے ہوں نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد ہماری معیشت نے بہت انتظار کیا۔ 2012ءتک عالمی اداروں نے پاکستان کے ساتھ کام نہیں کیا۔ ملکی ترقی کے لئے عملی اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں ہو گا اگر کوئی دہشت گرد ہے تو اس کے خلاف ایکشن ہو گا۔ مسلم لیگ ن نے ملکی مسائل سامنے رکھ کر منشور لکھا۔ مکے دکھانے والے نے دبا¶ کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آپریشن اور حکومتی اقدامات سے کراچی میں امن بحال ہو رہا ہے۔ مزید برآں کراچی کے کامرس رپورٹر کے مطابق اسحاق ڈار نے اسلامی مالیات کی تعلیم کی غرض سے سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے لئے موصولہ تجاویز کی افتتاحی تقریب سے سٹیٹ بینک، کراچی میں خطاب کرتے ہوئے سنٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے لئے تیزی سے ہونے والی کوششوں پر مسرت کا اظہار کیا۔ مرکزی بینک سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سنٹر کا اعلان گزشتہ برس کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسے اقدامات میں تعاون کرنے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کو خصوصی طور پر سراہنا چاہتا ہوں مجھے امید ہے کہ سنٹر ملک میں تحقیق کے ذریعے اور انسانی وسائل کی قلت کی دشواری پر قابو پاکر اسلامی مالیات کی بنیادوں کو مزید مستحکم کرے گا۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں اسلامی مالیات کے تیزی سے فروغ کی شدید ضرورت اس لئے محسوس کی جا رہی تھی کہ سود پر مبنی مالی نظام کے پیدا کردہ مسائل کو حل کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا کے بڑے ملکوں میں اسلامی مالیات کو فروغ مل رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سازگار ماحول پیدا کر کے اسلامی مالیاتی صنعت کی ترقی میں مدد دیں گے۔


مزیدخبریں