چیف جسٹس کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس مقدمات نمٹانے کے حوالے سے ججز کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

Mar 27, 2015

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں مقدمات کو نمٹانے، عدالتی افسروں کی سروس رولز میں ترمیم اور جیل پٹیشنز کو سماعت کے لیے لگانے کے بارے غور کیا گیا، چیف جسٹس نے مقدمات کو نمٹانے کے حوالے سے ججز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، پہلی بار فل کورٹ اجلاس میں جسٹس مقبول باقر کی شرکت پر مبارک باد اور خوش آمدید کہا گےا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم جولائی 2014سے 14 مارچ 2015تک سپریم کورٹ نے 10942مقدمات کو نمٹایا جبکہ اس عرصہ کے دوران10291مقدمات درج ہوئے۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 22276 رہ گئی ہے۔ چیف جسٹس نے اس بات کو سراہا کہ سپریم کورٹ میں مقدمات کو نمٹائے جانے کی شرح مقدمات کے اندراج سے زیادہ ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے ملا زمین ،افسران کے سروس رولز کا بھی جائزہ لیا گیا اور دو جج صاحبان کی جانب سے رولز کے مسودہ کو چند ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جن فیصلو ں کو رپورٹنگ کے لیے منظور کیا جائے گا ان کو سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جیل پٹیشنز کو عدالت کے روبرو سماعت کے لیے لگایا جائے گا۔

مزیدخبریں