کراچی : 66 مشتبہ افراد گرفتار‘ بھتہ کیس : گواہ پیش نہ کرنے پر تین پولیس افسروں کے وارنٹ گرفتاری

کراچی (کرائم رپورٹر+ آئی این پی + نوائے وقت نیوز) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور اشتہاری ملزمان سمیت 66 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے 66 جرائم پیشہ افراد گرفتار کر لیا۔ جرائم پیشہ افراد کو نیو کراچی، موچکو، بلدیہ ٹاون، بھینس کالونی، لیاری، لیاقت آباد اور دیگر علاقوں سے گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور، اشتہاری اور مفرور ملزمان سمیت جرائم پیشہ افراد شامل تھے ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم، اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔ مجاہد کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پولیس نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی۔ ادھر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھتہ خوری کیس میں 3 پولیس افسران کے 7 اپریل کے لئے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔ تینوں پولیس افسران نے بھتے کے مقدمے میں گواہ پیش نہیں کئے تھے۔ پولیس افسران میں انسپکٹر فرید، انسپکٹر طارق اور انسپکٹر شوکت شامل ہیں۔ ملزمان یاسین، نعمان اور خالد نے گلشن اقبال میں تاجر سے بھتہ وصول کیا تھا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس کانسٹیبل سمیت دو افراد کو قتل کردیا گیا۔ پولیس مقابلے میں دہشت گرد مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر پانچ میں نامعلوم افراد نے ایک شخص 40 سالہ منظور احمد کو تیزدھار آلے کے وار کرکے ہلاک کر دیا۔ ادھر مومن آباد میں قبرستان کے قریب مسلح افراد نے 35 سالہ محمد اختر، پاکستان چوک پر محمد عابد نامی شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ شاہین کمپلیکس کے نزدیک موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل 45 سالہ اسلم کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ مومن آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات گروپ سے تھا۔ ہلاک دہشت گرد کی شناخت حنیف یوسف سواتی کے نام سے کر لی گئی۔ دہشت گرد پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد کے قتل، ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں اور دیگر جرائم میں ملوث تھا۔ کراچی پولیس کے مطابق نائن زیرو سے برآمد اسلحے میں سے چند کے لائسنس موصول ہو گئے۔ 30 سے زائد اسلحہ لائسنس کوریئر کمپنی کے ذریعے بھجوائے گئے ہیں۔ برآمد اسلحے کی ابتدائی فرانزک رپورٹ بھی پولیس کو مل گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ استعمال کے قابل ہے۔
کراچی


ای پیپر دی نیشن