لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط کو پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ صوبہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ عبدالباسط کو لکھے گئے ایک خط میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے نئے چیئرمین تاجر برادری کی مشاورت سے غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بہترین حکمت عملی وضع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر کے طور پر صنعت و تجارت اور معیشت کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور امید ہے کہ وہ صوبہ پنجاب میں مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنا تمام تر تجربہ اور صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔
پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں: لاہور چیمبر آف کامرس
Mar 27, 2015