سری نگر ( اے این این )فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہٗ احتجاج میں شامل شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے۔ عبدالغنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار کے پاس شبیر احمد شاہ کو گرفتار کرنے کے لئے کوئی جواز نہیںاور اس طرح انتظامیہ ریاست میں پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن لگاکر ایک سنگین بحران کو جنم دے رہی ہے ۔ چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق جو دہلی میں مقیم پاکستان کے ہائی کمشنر کی دعوت پر یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی غرض سے دلی میں ہیں نے سید علی گیلانی کی رہائش گاہ واقع مالویہ نگر جا کر ان کی عیادت اور ان کی مزاج پرسی کی۔ اس موقعے پر دونوں رہنماں نے جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی اور تحریک کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ عوامی اتحاد پارٹی صدر انجینئر رشید نے کہا ہے کہ لوگوں کی بے شمار قربانیوں کے باوجود ابھی تک قیادت کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ کشمیری قیادت کو اس سوال کا جواب دینا چاہیے کہ وہ ایک بھی مظلوم کے لئے انصاف حاصل کرنے میں ناکام کیوں رہے ، جبکہ لوگوں نے قیادت کے کہنے پر بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے پاکستان اور بھارت سے اپیل کی ہے کہ تمام حل طلب معاملات پر ٹھوس اور نتیجہ خیز بات چیت شروع کی جائے کیونکہ افہام و تفہیم سے ہی پیچیدہ مسائل کو سلجھایا جاسکتا ہے۔ نیشنل کانفرنس معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال پارٹی ہیڈکوارٹر پر عہدیداروں اور وفود سے تبادلہ خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کی نیپال میں ملاقات ایک خوش آئندہ قدم ہے تاہم دونوں ممالک کو محض رسمی ملاقاتوں سے آگے بڑھ کر تمام حل طلب معاملات پر مذاکرات کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔