ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی ناقص کارکردگی پرسابق کرکٹرز برہم

Mar 27, 2016

لاہور ( نمائندہ سپورٹس) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی ناقص کارکردگی پر سابق کرکٹرز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پیٹرن انچیف کرکٹ بورڈ وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرکٹ بورڈ انتظامیہ سمیت ٹیم سلیکشن اور کرکٹ ٹیم کو تبدیل کریں ، کرکٹ بورڈ کو پروفیشنل اور ایماندار افراد کے سپرد کیاجائے تاکہ ملک میں کرکٹ کو تباہی اور بربادی سے بچایا جاسکے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم باری نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے کوئی ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی اور نہ ہی کوئی لیڈر شپ کرکٹ ٹیم میں نظر آئی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں قومی کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری ہے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا واہں پر کرکٹ بورڈ بھی اس کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ بورڈ نے وقت پر کوئی ایکشن نہیں لیا شہریار خاننے ٹورنامنٹ کے دوران جو بیان دیا یہ درست نہیں تھا اور نہ کبھی اس طرح کے فیصلے دوران ٹورنامنٹ کئے جاتے ہیں جس طرح انہوں نے کیا ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ کافی عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ موجودہ کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو ختم کیاجائے اور ایک ایڈہاک کمیٹی بنائی جائے انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی میں سابق ایماندار کرکٹرز جن میں خاص طورپر عبدالقادر ، راشد لطیف ، جلال الدین ، ماجد خان اور سکندر بخت جیسے کرکٹروں کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا عمل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں بھی ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں نجم سیٹھی اور وسیم اکرم جیسے جوا مافیا اپنا گروپ بنایا ہوا ہے جبکہ چیئرمین بورڈ شہریار خان بوڑھے ہیں ان میں فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔

مزیدخبریں