کراچی (آن لائن+ آئی این پی) احتساب عدالت نے کرپشن کے الزام میں دائر 2ریفرنسز میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر ملزموں کے مقدمہ کی سماعت 7اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزمان کے خلاف کرپشن کے الزامات کے تحت دائر 2ریفرنسز کی سماعت 7اپریل تک ملتوی کردی جبکہ عدالت کی جانب سے ملزموں کے وکلاء کوالزامات کے متعلق ریفرنس کی کاپیاں بھی فراہم کردی گئیں۔ سماعت کے دوران عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے گزشتہ 2سماعتوںکے دوران ڈاکٹر عاصم کو پیش نہ کرنے کی وضاحت طلب کی جس پرجیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کوبتایا کہ ڈاکٹر عاصم کی طبیعت ناساز تھی اس لیے ان کو پیش نہیں کیا جاسکا جس پر عدالت نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کاحکم دیا۔ اس سے قبل ڈاکٹر عاصم حسین کوانتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت پیش کیا گیا جہاں پہلے سے موجود ان کے اہل خانہ نے ان سے ملاقات کی۔ دوسری جانب ڈاکٹر عاصم حسین نے 462 ارب روپے کی کرپشن کیس میں ضمانت کے لئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ عاصم حسین کی جانب سے انور منصور نے ضمانت دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ڈاکٹر عاصم کو پہلے ہی بے گناہ قرار دے چکی ہے۔عدالت نے نیب سے پانچ اپریل کو جواب طلب کر لیا۔