اسلام آباد (آن لائن) صدرممنون حسین کے ساتھ بات چیت کے دوران ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنے افکار سے فلسفہ اور شریعت سمیت دیگر علوم میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جو پوری دنیا کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، ہم بھی اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ ہمارے لئے یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ علامہ اقبال نے بارہ ہزار اشعار کہے جن میں سات ہزار اشعار فارسی میں کہے گے ہیں۔ اقبال نے معاشرے کی بیداری کیلئے جو علمی کام کیا ہے دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے اس موقع پر اردو اور فارسی کو ایک درخت کی دو شاخیں قرار دیا۔ صدر ممنون نے فکر اقبال میں ایرانی رہنما کی غیر معمولی دلچسپی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقبال آفاقی شاعر ہیں جنہوں نے لٹریچر کی عالمی تاریخ میں ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیخ سعدی شیرازی کا کلام بہت دلچسپی سے پڑھا جاتا ہے اور انکی تصنیفات گلستان و بوستان دینی مدرسوں کی نصاب میں شامل ہیں۔ یہ کتابیں انکے مطالعے میں بھی رہتی ہیں۔