ایبٹ آباد(صباح نیوز) ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک کا ہیلی کاپٹر اتارنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری انڈر 13 ٹرائل رکوا کر بچوں کو گرائونڈ سے باہر نکال دیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے واپس جانے کے بعد ٹرائل شروع ہوں گے ۔وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ٹرائل دوبارہ شروع کرانے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کرکٹ گرائونڈ میں پی سی بی انڈر 13کرکٹ ٹرائل جاری تھے کہ ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے گرائونڈ میں پہنچ کر کھیل رکوا کر بچوں کو گرائونڈ سے باہر نکال دیا۔ ایبٹ آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لئے پرویز خٹک اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آمد کے باعث ان کے ہیلی کاپٹرز کی لینڈنگ کے لئے گرائونڈ کی پچ کو مختص کیا گیا ہے اس لئے کھیل رکوا کر بچوں کو گرائونڈ سے نکالا گیا۔ہیلی کاپٹر اتارنے کے حوالے سے پی سی بی سے اجازت لے گئی ہے۔ دوسری طرف پی سی بی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بورڈ کی پالیسی کی خلاف ہے،کوئی بھی گرائونڈ عوامی اجتماعات یا وی آئی پی افراد کی سرگرمیوں کے لئے استعمال نہیں کی جا سکتی۔
ایبٹ آباد:پرویز خٹک کا ہیلی کاپٹر اتارنے کیلئے انڈر 13 کرکٹ ٹرائل رکوا دیا گیا
Mar 27, 2017