راولپنڈی: ڈور پھرنے سے بچی کی گردن کٹ گئی‘ ایس ایچ او معطل

Mar 27, 2017

راولپنڈی+ لاہور (نیٹ نیوز+ خبرنگار) راولپنڈی میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے چار سالہ بچی گردن کٹنے سے جاں بحق ہو گئی۔ چکری روڈ پر واقع پولیس چوکی کے قریب 4 سالہ اُم حبیبہ والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی کہ کٹی پتنگ کی ڈور سے گردن کٹ گئی۔ بچی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکی۔ سی پی او نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تھانہ صدر بیرونی کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔ بچی کا والد میٹرو بس سروس میں ملازم ہے۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈور پھرنے سے چارسالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد نہ کرانے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی خلیل بھٹی کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا واضح ہدایات کے باوجود پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد نہ کرانا انتہائی افسوسناک ہے‘ قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اورخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں