واشنگٹن(آئی این پی) ایک امریکی جریدے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کو بھول کر ہمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ سے ڈرنا چاہیے، دونوں ممالک 1947میں مذہبی بنیادوں پر تقسیم شروع ہونے کے بعد سے چار جنگیں لڑ چکے ہیں اور پانچویں جنگ بڑی تیزی سے بہت زیادہ مہنگی پڑ سکتی ہے کیونکہ دونوں ملک اپنی ایٹمی صلاحیتوں کو بڑھا رہے ہیں۔ امریکی میگزین ’’دی نیشنل انٹرسٹ‘‘ میں شائع ہونے والے مضمون میں کہا گیا ہے کہ امریکہ جو پہلے ہی اپنے مخالفین چین، روس اور شمالی کوریا کے ہاتھوں میں جوہری ہتھیاروں کے خطرے سے گھرا ہوا ہے کو جوہری تنازعے کا اصل خطرہ اس کے اتحادی پاکستان اور بھارت سے ہے۔ مضمون میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بہت سے لوگوں کی سوچ ہے کہ بھارت مسلم ریاست پر حملہ اور قبضہ کرنے کی سازش میں مصروف ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جموں وکشمیرکا تنازعہ ایک فساد کی جڑ ہے، دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر تلخی اور فائرنگ کا تبادلہ معمول ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھی جس کے بعد بھارت نے پاکستانی علاقے میں حملے کی تیاریاں شروع کردی تھیں۔