::::حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی کمزوری کا شکا ر ہے: سردار عتیق احمد

جدہ (امیر محمد خان سے) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی کمزوری کا شکار ہے، بھارت پرویز مشرف، راحیل شریف اور جنرل باجوہ کی زبان سننے کا عادی ہے اس سے اسی زبان میں بات کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ المکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کانفرنس میں شرکت کے بعد جدہ میں پاکستان جرنلسٹ فورم کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک تو بھارت کسی مثبت مذاکرات پر تیار نہیں دوسرے جب تک کشمیری قیادت کو مذاکرات میں شامل نہیںکیا جائے گا کوئی مذاکرات کامیاب نہیںہو سکتے۔ کشمیر کا تصفیہ علاقے کے مستقل امن کیلئے بہت ضروری ہے۔ سردار عتیق نے سعودی قیادت اور رابطہ عالمی اسلامی کو سراہا کہ تمام مسلم امہ کو گروپوں میں تقسیم کئے بغیر متحد و اکٹھا کرنے جو فریضہ سعودی حکومت نے اٹھایا ہے وہ تمام اسلامی ممالک کو بھی اتحاد دکھا کر اور تمام مکاتب فکر کو اکھٹا کرکے کرنا چاہئے۔ سردار عتیق نے کہا اسلام دشمن سب متحد ہیں اور مسلمان اور اسلام کے خلاف ایک آواز ہیں۔ مغربی اور اسلام دشمن میڈیا جس طرح مسلمان دشمن زہریلا پروپیگنڈا پھیلاتا ہے اسکے مقابلے کیلئے اسلامی میڈیا کو بھی اتنا ہی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
سردار عتیق

ای پیپر دی نیشن