تہران (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) ایران نے امریکہ کی 15 کمپنیوں پر پابندیاں لگا دیں۔ امریکی کمپنیوں پر اسرائیلی دہشت گردی‘ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل سے تعاون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ جرائم کی حمایت کا الزام ہے۔ جن کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی ریتھیون بھی شامل ہے اور ایران وزارت خارجہ کے مطابق ان کمپنیوں کے ملک میں موجود تمام اثاثے ضبط کرلئے جائیں گے اور کسی کو بھی ان سے رابطہ یا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ ایران نے یہ اقدام امریکہ کی جانب سے 30 غیرملکی کمپنیوں اور شخصیات پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے دو روز بعد اٹھایا ہے۔ یہ اعلان اس نئے بل کا جواب بھی ہے جو امریکی قانون سازوں نے انقلاب پاسداران گارڈز کو دہشتگرد قرار دینے کیلئے پیش کیا ہے۔ ٹرمپ کے آنے سے دو طرفہ کشیدگی بڑھی ہے۔ ”رانا“ نیوز ایجنسی کے مطابق پابندیوں کا ہدف اسرائیل کو فلسطینیوں کیخلاف اسلحہ فراہم کرنیوالی کمپنیاں ہونگی۔
ایران پابندی