بھارت نے ای سی او کانفرنس، پی ایس ایل روکنے کیلئے دہشت گردی کی: خواجہ آصف

اسلام آباد / سمڑیال/ سیالکوٹ( نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار +آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے ای سی او کانفرنس، پی ایس ایل روکنے کیلئے دہشتگردی کی کارروائی کی۔ دہشت گردی کی جو لہر آئی تھی وہ بالکل ختم ہو چکی ہے۔ پاکستان میں قتل کرنے والے افغانستان سے آتے ہیں، پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں چین کا بڑا ہاتھ ہے، نندی پور منصوبے سے اپریل میں 525میگا واٹ بجلی ملے گی۔ کاسا منصوبے سے حاصل بجلی گرمیوں میں کار آمد ہو گی۔ آئی این پی کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان کے تنہا ہونے کا تاثر غلط تھا، افغانستان کو ہندوستان کی پراکسی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہئے۔ پاکستان چین اور امریکہ کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ 57 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ بھارت مشرقی بارڈر پر خود اور ڈیورنڈ لائن پر افغانستان کے ذریعے پاکستانی افواج کو دونوں طرف الجھا رہا ہے۔ اور تیسرا محاذ اس نے پاکستان کے اندر کھولا ہوا ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان کے اندر دہشتگرد حملے کروا رہا ہے اس لئے پاکستان کو اصل خطرہ بھارت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قتل عام کرنے والے افغانستان سے آتے ہیں اس لئے مجبوراً پاک افغان سرحد بند کرنا پڑی ۔ سرحد بند کرنے سے دونوں ملکوں کو بہت زیادہ نقصان ہوا تھا۔ تاجکستان کے تین سو ٹرک پاک افغان سرحد پر رکے ہوئے تھے۔ سمبڑیال میں شادی کی تقریب میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا بانی ایم کیو ایم کی ایمپائر ختم ہونے کے بعد پاکستان مخالف پالیسی جاری ہے۔ جو لوگ بانی ایم کیو ایم کے نظریے کی حمایت کرتے ہیں ان کی اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں۔ نندی پور پراجیکٹ اگلے سال گیس پر منتقل ہوجائیگا۔ چار برسوں میں لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے۔ سیالکوٹ موٹر وے منصوبہ 23 مارچ 2018ءکو مکمل ہوجائیگا۔ موٹروے منصوبہ دفاعی نقطہ نظر سے بھی بہت فائدہ مند ہے۔ بھارتی سرحد اور جی ٹی روڈ کے درمیان آبادی کیلئے بہت سہولیات ہوں گی۔ دہشت گردی سے بچاﺅ کے اقدامات میں مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر دفاع، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاءاللہ بٹ نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
خواجہ آصف

ای پیپر دی نیشن